لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ وکلا برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کے لیے کام کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نومنتخب صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری طاہر نصر اللہ وڑائچ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی موجود تھے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے وکلا کے مسائل کے حل اور عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کھل کر ساتھ دیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے امید ظاہر کی کہ لاہور بار کے نومنتخب عہدیدار معاشرے کی اصلاح میں فعال کردار ادا کریں گے اور وکلا برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
طاہر نصر اللہ وڑائچ نے مطالبہ کیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں وکلا اور سائلین کے لیے پارکنگ کا بڑا مسئلہ ہے لہٰذا پارکنگ پلازہ اور اسپتال تعمیر کروایا جائے۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے یقین دہانی کروائی کہ صوبائی وزیر قانون کے ساتھ مشاورت کر کے پنجاب حکومت سے پارکنگ پلازہ اور اسپتال کی تعمیر کے سلسلے میں بات کریں گے۔