لاہور میں سول عدالتوں کی ماڈل ٹاؤن کچہری منتقلی کے خلاف وکلا نے احتجاج کیا پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کے بعد جی پی او چوک میدان جنگ بن گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں سول عدالتوں کی ماڈل ٹاؤن کچہری منتقلی کے خلاف وکلا سڑکوں پر نکل آئے اور لاہور ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کیا، تاہم پولیس ان کی راہ میں آگئی اور مظاہرین کو روکنے کے لیے واٹر کینن کے ساتھ لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے باعث جی پی او چوک میدان جنگ بن گیا۔ اس موقع پر متعدد وکلا اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سول عدالتوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف وکلا احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس کے چیمبر کی طرف جانا چاہتے تھے تاہم وہاں موجود پولیس کی بھاری نفری نے ان کی پیش قدمی کو روکا۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ لاٹھی چارج اور شیلنگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے متعدد وکلا اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ کچھ صحافی بھی شلینگ سے متاثر ہوئے۔ قریب موجود لوگوں اور وکلا نے اورنج لائن اسٹیشن پہنچ کر خود کو بچایا۔
پولیس نے ہائیکورٹ کے تمام دروازے بند کرتے ہوئے سب کو عمارت میں داخل ہونے سے روک دیا جب کہ متعدد وکلا کو حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر جی پی او چوک میدان جنگ بن گیا، وکلا اور پولیس اہلکار ایک بار پھر گتھم گتھا ہو گئے۔ پولیس کے لاٹھی چارج کے جواب میں وکلا ان سے لاٹھیاں چھین کر پھینکنے لگے۔
اس حوالے سے ڈی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں داخل ہو کر اندر صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ پولیس کی بھاری نفری ہائیکورٹ کےاطراف موجود ہے اور وکلا کو منتشر کرنے کیلیے شیل فائر کیے گئے۔ پولیس خوش اسلوبی سے صورتحال پر کنٹرول کر لے گی اور اگر پتھراؤ کیا گیا تو اس کا قانونی طور پر جواب دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس کو ایسی صورتحال سےنمٹنےکا تجربہ ہے۔ وکلا رہنماؤں کیساتھ رابطہ ہے اور معاملہ جلد حل ہوجائیگا۔ بعد ازاں پولیس اور وکلا کے درمیان مذاکرات شروع ہونے پر پولیس اہلکار پیچھے ہٹ گئے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وکلا کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ لاہور کے شہریوں کے تحفظ کے لیے محاذ آرائی سے گریز کیا جائے اور وکلا کو بھی چاہیے کہ اپنے معاملات لاہور ہائیکورٹ کے ساتھ خوش اسلوبی سے حل کریں۔