لیہ: تیزاب گردی سے نابینا ہونے والی غریب گھرانے کی خاتون کو زمیندار اور اس کے ساتھیوں نےزیا دتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لیہ کے علاقے کوٹ سلطان کی رہائشی خاتون کو 2011 میں نامعلوم افراد نے تیزاب گردی کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث وہ اپنی بینائی کھو بیٹھی تھی۔
مذکورہ خاتون کا علاج جاری تھا، متاثرہ خاتون اپنی دوا لینے مقامی اسپتال پہنچی تو زمیندار اور اس کے دو ساتھی اسے زکوٰۃ کی رقم دینے کا بہانہ بنا کر ایک مکان میں لے گئے اور پھر اسے اپنی درندگی کا نشانہ بنا ڈالا۔
خاتون نے تھانہ کوٹ سلطان میں اپنی ہی مدعیت میں ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرادیا۔ پولیس کے مطابق نابینا لڑکی زیادتی کیس کا مرکزی ملزم نذر ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تیسرے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ 5 برسوں سے نابینا خاتون کا نہ صرف علاج جاری ہے بلکہ اس کے گھر والوں کی مالی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔