کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبر شبیر قائم خانی نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ خیراتی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کو زکوۃ فطرہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ کالعدم مذہبی جماعتیں شہر میں کھلے عام فنڈ جمع کرنے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبیر قائم خانی کا کہنا تھا کہ ’’کراچی کو اوون کرنے کے باوجود ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے، خدمت خلق فاؤنڈیشن باقاعدہ رجسٹرڈ ہے مگر اس کے لیے صدقہ خیرات جمع کرنے پر پابندی ہے اور اس کے رضا کاروں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
کے کے ایف کے لیے لوگ رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں اور ادارے کی جانب سے ہونے والی سرگرمیوں میں خود بڑھ چڑ کر حصہ لیتے ہیں، مگر گزشتہ تین سال سے رضا کاروں کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ اس کے برعکس شہر میں کالعدم مذہبی جماعتیں اور جہادی تنظیمیں کھلے عام زکوۃ فطرہ جمع کرنے میں مصروف ہیں جن کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔
شبیر قائم خانی نے مزید کہا کہ پنجاب، بلوچستان میں بھی ہمارے کارکنان کو ڈرایا جارہا ہے، کے کے ایف کو روک کر ہمیں کمزور کرنے کی سازش بنائی گئی ہے جو ناکام ثابت ہوگی، رکن رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں سے 8 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے، ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
دوسری جانب رینجرز نے شاہ فیصل میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے دو کارکنان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رینجرز ذرائع نے مبینہ طور پر گرفتار کیے جانے والے ملزمان کے بارے میں دعویٰ کیا ہے کہ دوران تفتیش دونوں نے اہم انکشافات کیے ہیں۔
رینجز ذرائع کے مطابق ملزم ناصر نے رکشہ ڈرائیور سمیت 4 افراد کے قتل جبکہ ملزم عدنان نے 3 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے رمضان المبارک میں بھتے کی مد میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی ہے۔