ہفتہ, اکتوبر 19, 2024
اشتہار

لی مارکیٹ میں 4 خواتین کا لرزہ خیز قتل، پولیس تحقیقات شروع، گھر کا سربراہ زیر حراست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے لی مارکیٹ میں 4 خواتین کے لرزہ خیز قتل کے سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں، اور گھر کے سربراہ کو زیر حراست لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے مشہور علاقے لی مارکیٹ میں ایک گھر میں چار خواتین کے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور عمارت اور نالے کے اطراف چیکنگ کی گئی۔

پولیس نے شک کی بنیاد پر گھر کے سربراہ اور بیٹوں کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد سے بیانات لیے جائیں گے، پڑوسیوں کے بیانات بھی حاصل کیے جائیں گے۔

- Advertisement -

پولیس حکام کے مطابق عمارت کے باہر کئی عمارتوں پر کیمرے موجود ہیں، جن سے فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، لاشوں کے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار کریں گے۔

ادھر زیر حراست گھر کے سربراہ فاروق کے داماد مصدق نے اپنا بیان دیتے ہوئے کہا ’’فاروق میرے سسر ہیں، میں کیٹل فارم کا کام کرتا ہوں، فاروق میرے ساتھ ہی کام کرتے تھے، پولیس انھیں شک کی بنیاد پر لے گئی۔‘‘

فاروق کے دونوں بیٹوں کے بارے مٰں داماد مصدق کا کہنا تھا کہ ان میں سے بلال کوسٹر چلاتا ہے، جب کہ دوسرا بیٹا علی فارغ بیٹھا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات لی مارکیٹ زینب آرکیڈ کی چھٹی منزل سے 4 خواتین کی لاشیں ملی تھیں، جنھیں تیز دھار آلے سے مارا گیا تھا، جس پر پولیس نے گھر کے سربراہ فاروق اور اس کے 2 بیٹوں کو گھر سے حراست میں لے لیا ہے، قتل ہونے والوں میں فاروق کی بیوی، بیٹی، بہو اور نواسی شامل ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ قتل میں گھر کا قریبی فرد ملوث ہے، گھر کا سربراہ فاروق اور ایک بیٹا ٹرانسپورٹ اور مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں