کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو ریٹائرمنٹ تک قومی ٹیم کا کپتان برقرار رہنا چاہیے۔
قومی ٹیم کے گزشتہ دنوں عبداللہ شفیق کی شاندار 160 رنز کی اننگز کی بدولت سری لنکا کو شکست دے کر ریکارڈ 342 رنز کا ہدف حاصل کیا۔
گال ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے میانداد نے کہا کہ ’بابر اعظم اچھی قیادت کررہے ہیں انہیں اس وقت تک ٹیم کا کپتان رہنا چاہیے جب تک وہ ریٹائر نہیں ہو جاتے۔‘
جاوید میانداد نے کہا کہ ’بابر نے ٹیم کی شاندار قیادت کی اور اہم بات یہ ہے کہ وہ خود بھی اچھا پرفارم کررہا ہے وہ قیادت بھی کرتے ہیں اور اپنی اننگز بھی عمدہ طریقے سے آگے لے کر چلتے ہیں۔‘
لیجنڈ بلے باز نے کہا کہ ’اگر کوئی کپتان رنز نہیں کرتا تو اس کا ٹیم پر منفی اثر پڑتا ہے اس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔‘
علاوہ ازیں میانداد نے کہا کہ قومی ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کھیل رہی ہے اور اس کا سہرا کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اور ہمارے نمبر ون کپتان بابر اعظم کو جاتا ہے۔