کرم: پارہ چنار میں ایک چیتے نے سبزی منڈی میں لوگوں پر حملہ کر دیا، جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے علاقے پارہ چنار سٹی کی سبزی منڈی میں ایک چیتے نے صبح سویرے لوگوں پر حملہ کر کے تین افراد کو زخمی کر دیا، جنھیں طبی امداد کے لیے ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی لوگوں نے چیتے کو ایک دکان میں بند کر دیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور وائلڈ لائف کے اہلکار بھی سبزی منڈی پہنچ گئے، جنھوں نے منڈی کو لوگوں سے خالی کر دیا۔
ڈی ایف او واٸلڈ لاٸف منصف علی کے مطابق چیتے نے مقامی پہاڑوں سے آبادی کی طرف رخ کیا ہے اور ایسے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں، مقامی لوگوں کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ضلع کرم میں جنگلی جانوروں کو ریسکیو کرنے کی سہولیات موجود نہیں ہیں، اس لیے چیتے کو زندہ پکڑنے کے لیے پشاور سے ٹیم بلائی گئی ہے۔