تھرپارکر: صوبہ سندھ کے ایک علاقے میں چیتے نے گاؤں پر حملہ کر کے افراتفری مچا دی، متعدد دیہاتی چیتے کا شکار ہو کر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع تھرپارکر میں اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں میں چیتے نے حملہ کر کے 8 افراد کو زخمی کر دیا، چیتے کے حملے سے گاؤں میں افراتفری مچ گئی۔
حملے کے بعد دیہاتیوں نے محفوظ رہنے کے لیے خود کو گھروں میں بند کر لیا، تاہم چند علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت ہتھیار لے کر نکلے اور چیتے کو فائرنگ کر کے مار دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلی حیات تھر کو چیتے کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی مگر محکمے کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، جس کے باعث گاؤں کے کئی افراد زخمی ہوئے۔
مارگلہ ہلز میں چیتے کی موجودگی کی تصویر جاری، جنگل جانے سے گریز کی ہدایت
یاد رہے کہ رواں ماہ وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چیتے کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ مارگلہ ہلز آنے والے اندھیرا ہونے پر جنگل جانے سے گریز کریں، بورڈ کا کہنا تھا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں 5 چیتے موجود ہیں۔ چیتے کی موجودگی کی 31 جنوری کو کھینچی گئی تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔
وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ شہزادی نامی مادہ چیتا کی مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مستقل رہائش پائی گئی ہے، اس چیتے کی رہائش مارگلہ ہلز ٹریلز 4 اور 6 کے درمیان ہے۔