نئی دہلی: بھارت کے میڈیکل کالج میں بلیک پینتھر کے مٹر گشت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ جنگلات کی افسر پروین کسوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ چامراج نگر کے میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں بلیک پینتھر گھس گیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلیک پینتھر کالج کے ہاسٹل کی راہداری میں گھوم رہا ہے اور کچھ دیر بعد ہی کسی کو نقصان پہنچائے بغیر وہاں سے دوسری جانب بھاگ جاتا ہے۔
چامراج نگر کے میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر سنجیو کا کالج میں تیندوے کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل کالج کا ہاسٹل ٹائیگرز ریزرو سے منسلک ہے اس لیے اکثر تیندوے میڈیکل کالج میں گھس جاتے ہیں۔
When a black panther comes for college inspection. Karnataka. @anil_lulla pic.twitter.com/754rGgRBx4
— Parveen Kaswan, IFS (@ParveenKaswan) January 7, 2021
کالج کے عملے کا کہنا ہے کہ تیندوا 2 جنوری کی رات کالج کے ہاسٹل میں داخل ہوا تھا۔
واضح رہے کہ کالج میں تیندوے کی آمد کا سلسلہ نیا نہیں ہے اس سے قبل ایک تیندوا ریاست اترکھنڈ کے سری نگر گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخل ہوگیا تھا۔
بلیک پینتھر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور اسے اب تک 20 ہزار سے زائد صارفین نے دیکھا اور اس پر مختلف تبصرے بھی کیے۔