اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

شکار کو پکڑنے کے لیے تیندوے کی خطرناک چھلانگ، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

چیتے اور تیندوے کی تیز رفتاری نہایت غیر معمولی ہے اور انسان تو کیا کئی جانور بھی ان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہتے ہیں، اور جب بات ہو شکار پکڑنے کی تو ان کی پھرتی اور رفتار میں اور بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ تیندوا کس طرح اپنے شکار تک پہنچنے کے لیے تیز رفتاری دکھاتا ہے۔

یہ ویڈیو ایک بھارتی فاریسٹ افسر نے شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نصف رات کے وقت سنسان گلی میں تیزی کے ساتھ ایک جانور جو بظاہر بلی دکھائی دیتی ہے، اپنی جان بچانے کے لیے جالی والے دروازے کے اندر سے بھاگتی ہوئی نکل گئی۔

بلی کی اس رفتار سے یوں لگتا ہے جیسے اسے پیچھے کوئی خطرہ ہے، اور اگلے ہی لمحے وہ خطرہ دکھائی دے جاتا ہے، ایک تیندوا اپنے شکار کو قابو کرنے کے لیے خطرناک تیز رفتاری سے دوڑ رہا ہے۔

اگلے ہی لمحے ویڈیو دیکھنے والے حیرت میں مبتلا ہوجاتے ہیں جب تیندوا جالی والے دروازے سے چند قدم دور چھلانگ لگاتا ہے اور جست لگا کر تقریباً 5 فٹ بلند دروازہ پار کرلیتا ہے۔

تیندوے کی اس پھرتی کو دیکھ کر یہ کہنا مشکل نہیں کہ بیچاری بلی شاید ہی اپنی جان بچا پائی ہو۔

سوشل میڈیا پر 9 سیکنڈز کی اس وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں، کوئی بلی سے اظہار ہمدردی کر رہا ہے تو کوئی تیندوے کی اس صلاحیت پر حیران ہے۔

یاد رہے کہ تیندوا 20 فٹ تک بلند کسی شے کو چھلانگ لگا کر پار کرسکتا ہے جبکہ ہوا میں 10 فٹ بلند چھلانگ لگا سکتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں