پشاور: آئی جی خیبر پختون خوا نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے آئی جی نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق خیبر پختون خوا پولیس کے حوالے کیا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہے، اور وہ کے پی پولیس کو مطلوب ہیں اس لیے انھیں گرفتار کر کے کے پی پولیس کے حوالے کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ذرایع نے بتایا تھا کہ ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر گرفتاری سے بچنے کے لیے مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ میں ایک مدرسے میں پناہ لے لی ہے۔
مفتی کفایت اللہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاڑکانہ پہنچ گئے، ذرائع
ذرائع کا کہنا تھا کہ مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ کے مدرسے اشاعت القرآن میں پناہ لے لی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رہنما راشد سومرو نے مفتی کفایت اللہ کو لاڑکانہ میں پناہ دی ہے۔
واضح رہے کہ مفتی کفایت اللہ پر ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر خیبر پختون خوا میں مقدمہ درج ہے، کابینہ نے کے پی حکومت کو مفتی کفایت کے خلاف مقدمے کی ہدایت کی تھی۔