لاہور : عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات میں منتخب نمائندوں کی شرکت پر پابندی کا فیصلہ معطل کرکے، اراکین اسمبلی کو انتخابی مہم کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں اور ارکان اسمبلی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے۔
مذکورہ نوٹی فکیشن کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، کیس کی سماعت جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ نےکی۔
درخواست کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکلاء نے دلائل پیش کیئے لیکن وہ عدالت کو مطمئن نہ کر سکے ۔ پی ٹی آئی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اقدام بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے رکن ہیں اور الیکشن کمیشن کی پابندی کے باعث وہ ان حلقوں میں دورہ نہیں کرسکتے جہاں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔
دلائل سنننے کے بعد جسٹس عائشہ اے ملک نے حلقہ این اے ایک سو بائیس اور ایک سو چون کے ضمنی انتخابات میں ایم این ایز ایم پی ایز کو انتخابی مہم سے روکنے کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت متعلقہ حلقے میں کسی بھی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کر سکتی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ پابندی سولہ ستمبر کو عائد کی گئی تھی۔