بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

توہین عدالت کیس :نوازشریف،مریم نواز سمیت 16لیگی اراکین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی مہلت

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف،مریم نواز سمیت 16لیگی اراکین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر پیمراکی جانب سےجواب جمع نہ کرانے پراظہار برہمی کیا اور تمام اراکین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی مہلت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز سمیت 16لیگی اراکین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت میں عدالت نے پیمراکی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے پیمرا کو عدلیہ مخالف بیانات روکنے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور نوازشریف کے وکیل کو پیمرا کے جواب کے بعد دلائل دینے کی ہدایت بھی کردی۔

وکیل پیمرا نے کہا کہ پیمرا نے تمام چینلز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔

درخواست سول سوسائٹی کی آمنہ ملک کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ لیگی رہنما اعلیٰ عدلیہ کےخلاف مسلسل نازیبا الفاظ استعمال کررہےہیں، اعلیٰ عدلیہ کیخلاف بیان بازی توہین عدالت کےزمرے میں آتی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدلیہ کیخلاف بیانات کومیڈیامیں نشر کرنےپر پابندی عائد کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز ویگر کے وکلا کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کے کیسز زیر سماعت ہیں ، رہنماؤں میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر ریلوے سعد رفیق ، وزیر مملکت طلال چوہدری اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز شامل ہیں۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا کاٹ چکے ہیں جبکہ ایک بار پھر نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں اور 26 مارچ کو ان پر دوبارہ فردِ جرم عائد کی جائے گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں