لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان کو 17 اپریل کیلئے طلب کر لیا اور کہا آکر بتائیں ٹویٹر پر پابندی کی قانونی حیثیت کیا ہے؟
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے ایکس کی پابندی کے معاملے پر سماعت کی۔
فل بنچ نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل پاکستان بتائیں کہ سوشل میڈیا ایکس پر پابندی کے نوٹیفکیشن کی کیا قانونی حیثیت ہے؟
سماعت کے دوران عدالتی حکم پر پی ٹی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسر پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل مرزا نصر احمد نے بتایا کہ پی ٹی اے کی طرف سے جواب اور رپورٹ داخل ہوچکا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے باور کرایا کہ فل بنچ یہ چاہتا ہے اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں موجود ہوں اور وہ عدالت میں آکر ٹویٹر پر پابندی کی قانونی حیثیت کا بتائیں۔
فل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل پاکستان کی وجہ سے ہی یہ کیسز رکے ہوئے ہیں۔