جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

نواز شریف اور مریم نواز کے مقدمات اکٹھے سننے سے متعلق فیصلہ محفوظ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکی درخواستوں پر اکٹھے سماعت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل کو معاونت کےلئے طلب کیا تھا ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے کہا کہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے ، نواز شریف اور مریم نواز کے مقدمات ایک ہی نوعیت کے ہیں، استدعا ہے کہ دونوں درخواستوں کو اکٹھا سنا جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی کا کہنا تھا کہ حکومت نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی ہے، جب نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں دی جا رہی تو مریم کو کس طرح جانے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

عدالتی استفسار پر مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کے معاملے کو چیلنج کرنے کےلئے درخواست کی تیاری جاری ہے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حکومتی فیصلے کو چیلنج نہیں کیا گیا تو مریم نواز کی درخواست کس طرح قابل سماعت ہے، کیا نواز شریف اور مریم نواز کی درخواستوں کو اکٹھا سن لیاجائے۔

مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ دونوں کی درخواستیں مختلف ہیں لہذا الگ الگ سماعت کی جائیں، عدالت نے دونوں درخواستوں کی اکٹھی سماعت کرنے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی درخواست پر سماعت 24 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کی آج کی حاضری سے استثنی کی متفرق درخواست منظور کر لی گئی۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں