بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

مولانا فضل الرحمان کیخلاف بغاوت کی کارروائی ، تقاریر کاتحریری متن پیش کرنے حکم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست  پر تقاریر کاتحریری متن پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس محمد امیر بھٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے مقامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اشتعال انگیز تقاریر کرکے لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسارہے ہیں . مولانا فضل الرحمان کی تقاریر سے انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا آسیہ بی بی کا فیصلہ بیرونی دباو میں دیا گیا، جو توہین عدالت ہے، مولانا نے آزادی مارچ کے لیے ڈنڈا بردار کارکن تیارکئےجوقانون کے منافی ہے، وہ اسلام آباد میں مارچ کی تیاریوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی عدالت مولانا فضل الرحمان کےخلاف بغاوت کی کاروائی اور الیکشن کمیشن کو مولانا فضل الرحمان کو ہونے والی فنڈنگ سے متعلق تحقیقات کا حکم دے جبکہ پیمرا کو مولانا فضل الرحمان کی تقاریر نشر کرنے سے روکے۔

مزید پڑھیں : مولانا فضل الرحمان بڑی مشکل میں پھنس گئے

عدالت نے درخواست گزار کومولانا فضل الرحمن کی تقاریر کاتحریری متن پیش کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28اکتوبرتک ملتوی کر دی۔

یاد رہے پاک فوج کےخلاف تقریر پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دائر کردی گئی
تھی اور درخواست میں استدعا کی تھی کہ مولانا فضل الرحمان کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کی جائے۔

واضح رہے جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں