لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست پرنیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14اکتوبر کوجواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کےجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست پر سماعت کی۔
وکیل مریم نوازنے کہا کہ کمپنی کیس میں نیب مداخلت کرنے کا مجاز نہیں، ایس ای سی پی نے نیب کو ریفرنس یا کاروائی کے لئے کوئی خط نہیں لکھا،منی لانڈرنگ کا بے بنیاد کیس بنا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وکیل کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے قانون کا غلط استعمال کر کے گرفتار کیا، پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈکلیئر کر رکھے ہیں،عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔
جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14اکتوبر کوجواب طلب کرلیا۔
مزید پڑھیں : مریم نواز نے ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کردی
گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا چوہدری شوگرملز ریفرنس، منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور کی جائے۔
خیال رہے احتساب عدالت نے چوہدری شوگرملزمنی لانڈرنگ کیس میں نیب کی مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مریم نواز کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا تھا۔
واضح رہے 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگرملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نوا ز کو تفتیش کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نیب دفترمیں پیش ہونے کے بجائے والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں، مریم نواز ملاقات کر کےنکلیں تو نیب ٹیم نے انھیں گرفتار کرلیا تھا جبکہ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی گرفتار کیاتھا۔