لاہور : لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ میں ایف آئی اے طلبی کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ایف آئی اے طلبی نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس علی ضیا باجوہ نے عمران خان کی درخواست پرسماعت سے معذرت کر لی۔
جس کے بعد عدالت نے درخواست واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے سیاسی انتقام کانشانہ بنانےکیلئے 31 اکتوبرکوطلبی کانوٹس بھجوایا، عمران خان کو ہراساں کرنے کیلئے ایف آئی اے نے انکوائری کا آغاز کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ مخالفین کو فائدہ دینےکیلئے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف انکوائری شروع کی گئی، پارٹی کے اکائونٹس کھلوانے پر کسی ادارے کو کوئی اعتراض نہیں رہا۔
الیکشن کمیشن فیصلےمیں ایف آئی اےکواکاؤنٹس کی چھان بین کی ہدایت نہیں کی گئی، آئین کے تحت فنڈ اکٹھے کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہوتا ہے، پارٹیز آرڈر 2002 میں ممنوعہ فنڈنگ کے ٹرائل کا پورا طریقہ کار موجود ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کے الزام کی انکوائری غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کی جائے اور ایف آئی اے میں7 نومبر کوطلبی کا نوٹس بھی کالعدم کیا جائے ساتھ ہی درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو انکوائری کرنے سے روکا جائے۔