لاہور: سابق آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کو چیلنج کردیا گیا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پولیس آرڈر 2002 میں آئی جی کی پوسٹنگ کا دورانیہ تین سال ہے۔ سابق آئی جی جاوید سلیمی کا چھ ماہ کے بعد تبادلہ کردیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق موجودہ حکومت 8 ماہ کے عرصے میں تین آئی جی پنجاب تبدیل کر چکی ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تحت ٹھوس وجوہات کے بغیر تین سال سے پہلے تبادلہ نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا
یاد رہے کہ 15 اپریل کو آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
امجد سلیمی کو اکتوبر 2018 میں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ آئی جی سندھ رہے۔ امجد سلیمی سے قبل آئی جی پنجاب طاہر نواز خان کو بھی تبدیل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی آٹھ ماہ کی حکومت میں یہ تیسرے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا واقعہ ہے۔