اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

حمزہ شہباز کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری

اشتہار

حیرت انگیز

نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سےحلف نہ لینے کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کردیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل گورنر پنجاب سے ہدایات لے کر پیش ہوں۔

عدالت میں درخواست کی سماعت پر نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی توجہ آئین کی خلاف ورزی کی طرف کرانا چاہتا ہوں، گورنر پنجاب اپنی آئینی ذمےداریاں پوری نہیں کررہے، عدالتی حکم کی حکم عدولی کی گئی ہے۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ قانون کے مطابق وزیراعلیٰ کا انتخاب کا سارا عمل مکمل ہوا، ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق نتائج گورنر کو بھجوائے، قانوناً وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی کی رائے کی ضرورت نہیں، گورنر آئینی ذمے داریاں پوری نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آج ایک بجے کیلیے کیس کی سماعت مقرر کردیں کیونکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب موجود ہیں آج ہی کیس سن لیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ 10 دن آپ گھر بیٹھے رہتے ہیں اور آکر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں، اگر عدالت کہے سسٹم چلنے دیں تو آپ سسٹم نہیں چلنے دیتے، عدالتی سسٹم کو چلنے دیں اور کل آ جائیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں