بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

ن لیگی سینیٹرز کی آزاد حیثیت میں کامیابی: وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے پنجاب سے منتخب 11 ن لیگی سینیٹرز کی آزاد حیثیت میں کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست پر الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور سینیٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کی۔

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر زرقا سہروردی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ن لیگی امیدواروں کو نوازشریف نے سینیٹ کے ٹکٹ جاری کیے۔ نا اہلی کے بعد نواز شریف کسی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا آئینی اور قانونی استحقاق نہیں رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر ن لیگی امیدواروں کو آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جو کہ آئین اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدالت اختیارات سے تجاوز کرنے پر الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کرے اور ن لیگی امیدواروں کے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کے عمل کو کالعدم قرار دے۔

یہ بھی کہا گیا کہ عدالتی فیصلہ آنے تک پنجاب سے نو منتخب 11 ن لیگی سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کیا جائے۔ عدالت نے مذکورہ منتخب سینیٹرز اور دیگر فریقین کو 2 اپریل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے اس نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت بھی کردی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں