تازہ ترین

رات دس بجے کے بعد مارکیٹیں کھولنے والوں کے لئے بڑی خبر

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے رات دس بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو دو لاکھ روپے جرمانے اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

سیکرٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹ محمد عمران سلیم عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ تاحیات رات دس بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم فرما دیں اور دس بجے کے بعد کھلی رکھی جانے والی مارکیٹوں کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے، دس بجے کے فیصلے کے بعد ہم سکون میں آچکے ہیں سب دوکاندار کا اس پر اتفاق ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کو دو لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے، ہمیں اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنا ہوگا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ شادیوں میں جاری ون ڈش کی خلاف وزری پر جرمانہ عائد کرنے کے حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔

عدالت کو جوڈیشل کمیشن کے نماٸندے نے بتایا کہ سارے شہر کو پارکنگ ایریا میں تبدیل کر دیا گیا ہے،پارکنگ کمپنی کی رپورٹ کے مطابق تمام پارکنگ سڑکوں پر کی جاتی ہے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایل ڈی اے کی اجازت کے بغیر کیسے پارکنگ ممکن ہے اور ایل ڈی اے کو غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی بجائے ختم کرنے کے لیے مشینری کے نام پر دیگر مشینری کی ڈیمانڈ بھی کی گئی ہیں۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ابتدائی طور پر لاہور،گوجرانوالہ اور شیخو پورہ اضلاع کے لیے مشینری منگوائی جائے مگر عدالتی حکم کی آڑ میں غیر ضروری مشینری منگوانے کا آرڈر نہ دیا جائے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔

Comments

- Advertisement -
عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں