لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے ماڈل ٹاؤن میں قبرستانوں کے تمام پختہ احاطے مسمار کرنے کا حکم دے دیا اور کہا مسماری کے وقت اسلامک سوسائٹی کے تمام عہدیدار موقع پر موجود ہوں ورنہ انہیں عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ماڈل ٹاؤن میں قبرستانوں کے تمام پختہ احاطوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم پر اسلامک فاؤنڈیشن کے صدر، سیکرٹری اور دیگر عہدیدار عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے قرار دیا کہ بیس سال سے عہدوں سے چمٹ کر غیر قانونی طور پر قبضے کیوں کرا رہے ہیں، اگر قبضہ مافیا کے خلاف کہیں شکایت درج نہیں کرائی تو اس کا واضح مطلب آپ سب کی ملی بھگت ہے۔
عدالت نے قبرستانوں کے تمام پختہ احاطے مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ مسماری کے وقت اسلامک سوسائٹی کے تمام عہدیدار موقع پر موجود ہوں ورنہ انہیں عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
عدالت نے دوبارہ قبضہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا بھی حکم دیا ہے، عدالت نے اے سی ماڈل ٹاؤن کو فوری عمل درآمد کا حکم دے دیا