لاہور : پنجاب میں پولی تھین بیگز استعمال کرنے پر 5 سے 20 ہزارروپے جرمانے کا حکم دے دیا گیا ، جسٹس شاہدکریم نے کہا کسی کوعدالتی حکم کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پولی تھین بیگز استعمال کرنے پر 5 سے 20 ہزارروپے جرمانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہدکریم نے ریمارکس میں کہا کہ پولی تھین بیگزاستعمال کرنےوالوں کو پہلے 3 دن کے وارننگ نوٹس دیے جائیں گے اور پولی تھین بیگز کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، کسی کوعدالتی حکم کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں۔
یاد رہے رواں سال ستمبر میں لاہورہائی کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ سے متعلق بڑا حکم دیتے ہوئے پنجاب میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی لگادی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ دیگر شہروں میں پولی تھین بیگز کا استعمال ہورہا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو ا لہذا عدالت پنجاب بھر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی لگانے کاحکم جاری کرے۔