لاہور: ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں کیپٹن(ر)صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست نیب کو ہدایت کی گرفتاری مطلوب ہو تو کم ازکم ایک ہفتہ پہلے مطلع کریں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں آمدن سےزائداثاثہ جات کیس میں کیپٹن(ر)صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔
کیپٹن(ر)صفدر نے موقف میں کہا کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں میں 10مارچ کو طلبی کا نوٹس بھجوایا، زائد اثاثہ جات کے الزام میں انکوائری نیب پشاور میں بھی زیرالتواہے، ایک ہی معاملےپر 2صوبوں میں انکوائری نہیں چل سکتی۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، پولیس کی جانب سے دائر مقدمات بھی بھگت رہا ہوں، نیب انکوائری میں شامل تفتیش ہونےکو تیار ہوں ، استدعا ہے کہ عبوری ضمانت دی جائے۔
وکیل نیب نے عدالت کع بتایا کہ ویری فکیشن کے لیے بلایا ہے کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری مطلوب نہیں، انکوائری اسٹیج پر ہم گرفتار نہیں کرتے۔
عدالت نے کیپٹن (ر)صفدر کی درخواست ضمانت نمٹاتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ گرفتاری مطلوب ہو تو کم ازکم ایک ہفتہ پہلےمطلع کریں۔
خیال رہے کہ کیپٹن ر صفدر کے خلاف پشاور میں بھی کیس زیر سماعت ہے، نیب پشاور میں بھی صفدر کی طلبی ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت کے لئے رجوع کیا تھا