ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : لاہورہائی کورٹ نےایفیڈرین کیس میں سزاء یافتہ ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی دل اورگردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں انہیں علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا جائے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی کی طبی رپورٹس منگوا لی جائیں، جس پر عدالت نے کہا اگر آپ بیمار ہوں تو آپ کو بھی اسپتال بھجوانا چاہئیے ، یہ انسانی صحت کا معاملہ ہےاتنا سخت رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئیے۔

عدالت نے حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا اور دو رکنی بنچ نے سزاء کے خلاف حنیف عباسی کی اپیل پرسماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے اپیل میں حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا ہے کہ انسدادِ منشیات عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا. ادویات سازی کے لیے ایفیڈرین منگوائی گئی مگر بے بنیاد مقدمہ بنا دیا گیا۔

مزید پڑھیں : حنیف عباسی کی طبیعت سنبھل گئی، واپس جیل منتقل

اپیل میں کہا گیا کیس میں نامزد دیگر سات ملزموں کو رہائی مل چکی ہے مگر حنیف عباسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مقدمہ بنایا گیا . ٹرائل عدالت نے فیصلہ جاری کرتے وقت اصل حقائق کو نظر انداز کیا، ہائی کورٹ حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔

یاد رہے چند روز قبل ایفی ڈرین کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں کنگا رام اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں الرجی کا مرض بھی سامنے آیا جس کی ادویات فراہم کردی گئیں تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 21 جولائی کو انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کو مجرم قرار دے کر عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

مسلم لیگ کے رہنما کو سزا سنانے کے بعد اے این ایف نےگرفتار کرلیا تھا۔ بعدازاں حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں