جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

کلثوم نواز کی تاحیات نااہلی کے لیے دائر درخواست مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ہائی کورٹ نے کلثوم نواز کی تاحیات نااہلی کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جسٹس امین الدین خان نے بیگم کلثوم نواز کی تاحیات نااہلی کی دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ بیگم کلثوم نواز اپنے خاوند کی زیر کفالت ہیں، پانامہ کیس میں نواز شریف کی نااہلی کے باعث بیگم کلثوم نواز انتخابی شیڈول جاری ہونے کے روز اول سے ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اہل نہیں تھیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ بیگم کلثوم نواز کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس عدالت میں زیرسماعت ہے، اقامہ کی بنیاد پر میاں نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا اس جرم میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بھی شریک ہیں لہذا وہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہیں اترتیں۔

درخواست گزار کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ آنے تک بیگم کلثوم نواز انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا سکتی تھیں، اس لیے عدالت بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواستوں کو مسترد کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔


مزید پڑھیں : کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواستیں مسترد


عدالت نے قرار دیا کہ ہائی کورٹ کا فل بنچ اپنا فیصلہ سنا چکا ہے جبکہ سپریم کورٹ بھی درخواستیں مسترد کر چکی ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کامیاب قرار پائی، انہوں نے 61745 ووٹ حاصل کیے۔

یال رہے کہ گلے کے کینسر میں مبتلا بیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہے ، بیگم کلثوم نواز کے دو آپریشنز ہوچکے ہیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں