لاہور : ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف ہتک عزت کے دعوی پر جلد فیصلہ کرنے کی شہباز شریف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی، شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کےخلاف دعویٰ کا فیصلہ بروقت نہ ہونے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔
عدالت نے شہباز شریف کی درخواست پر دفتری اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے مسترد کر دیا، عدالت نے درخواست گزار کو ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔
شہباز شریف کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ان کے خلاف پانامہ لیکس پر رقم کی پیشکش کے بے بنیاد الزامات لگائے، جس پر وزیراعظم کے خلاف سیشن عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہتک عزت کے دعوے میں تاحال عمران خان کی جانب سے جواب جمع نہیں کروایا گیا، عمران خان کے وکلا بحث کی بجاٸے تاخیری حربے استمال کیے جارہے ہیں، متعلقہ عدالت نے اس کیس میں 60 سے زائد مرتبہ التوا دیا، ہاٸی کورٹ ماتحت عدالت کو روزانہ سماعت اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے۔