لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے کرپٹو کرنسی کی قانونی حیثیت کے معاملے پر وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں کرپٹوکرنسی کی قانونی حیثیت کےبارےمیں درخواست پرسماعت ہوئی ، جسٹس جواد حسن نے نجی کیش کمپنی کے متاثرہ شخص اصغر کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے بتایا کرپٹو کرنسی کے ذریعے کاروبار کرنے کیلئے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن نے کوئی لائسنس جاری نہیں کیا۔
جس پر عدالت نے معاشی تجزیہ نگار فیصل قریشی کو عدالتی معاونت کی اجازت دے دی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کرپٹو کرنسی کے متعلق پاکستان میں کوئی قانون موجود نہیں، بینکنگ کورٹس ایسے کیسز کی سماعت کرتی ہیں تاہم قانون موجود نہ ہونے کی وجہ سے واضح نہیں کہ ایسے کیسز کس عدالت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں ۔
عدالت نے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے رپورث طب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی