لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ایک سو تئیس کارکنوں کی نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے123کارکنان کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی۔.
جسٹس انوار الحق پنوں نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے 123 پی ٹی آئی کارکنوں کی نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر حکومت پنجاب ودیگرفریقین سے جواب طلب کرلیا، درخواست میں فیصل آباد میں کارکنوں کی نظربندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔
یاد رہے چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے معاملے پر گرفتار 70 پی ٹی آئی کارکنوں کی نظربندی معطل کی تھی۔
جسٹس انوار الحق ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بندہ ضمانت کروا کر باہر نکلتا ہے تو آپ گرفتار کر لیتے ہیں۔ لوگوں کے حقوق پامال نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب نہ کوئی جلوس نکل رہا ہے نہ کوئی جلسہ ہے۔ اگر کسی نے جلاؤ گھیراؤ کیا ہے تو آپ مقدمہ درج کریں نظر بند کیوں کر رہے ہیں؟
گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کے تحت صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کے 150 کے قریب رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لینے کے حکام کے احکامات کو معطل کر دیا تھا۔