جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

لاہور ہائی کورٹ میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت پرسماعت جاری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ہائی کورٹ میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس ملک شہزاد اور جسٹس مرزا وقاص پرمشتمل بینچ شہبازشریف کی درخواست ضمانت پرسماعت کررہا ہے۔

نیب وکیل کے دلائل

عدالت میں سماعت کے دوران وکیل نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رمضان شوگر ملزنے آلودہ پانی کے نکاس کے لیے انتظام نہ کیا، نالا بنانے کی بجائے ایک تالاب بنا دیا جہاں آلودہ پانی جمع ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ نے شکایت کی رمضان شوگر ملز کی وجہ سے زیر زمین پانی آلودہ ہوا، شہریوں نے رمضان شوگر ملز کے خلاف متعدد درخواستیں دیں۔

وکیل نیب نے کہا کہ سابق ایم پی اے رحمت اللہ نے شہباز شریف کو بطورمل مالک درخواست دی، مولانا رحمت اللہ نے پنجاب حکومت کو نالا بنانے کی درخواست دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کے مطابق شوگرملز نے رحمت اللہ کونالابنوانے کے لیے استعمال کیا؟ آپ کے بیان سے لگتا ہے مولانا رحمت اللہ ملز مالکان سے ملے ہوئے تھے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آپ کومولانا رحمت اللہ کوملزم بنانا چاہیے تھا آپ نے گواہ بنا دیا، کیا نیب نے نالےکی زمین کا ریونیو ریکارڈ قبضے میں لیا یا نہیں؟۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ پہلے یہاں نالہ تھا یا نہیں؟ جس پر وکیل نیب نے بتایا کہ زمین پی ایچ اے کی ہے جن کا بیان ہے پہلے نالا نہیں تھا، جس جگہ نالابنایا گیا وہاں آبادی نہیں صرف رمضان شوگرملز ہے۔

وکیل صفائی نے بتایا کہ نالہ رمضان شوگرملز نہیں بلکہ 7مختلف آبادیوں کے لیے بنایا گیا، نیب وکیل نے کہا کہ تاحال آبادیوں کونالے سے ملایا گیا نہ انہوں نے کبھی درخواست دی۔

وکیل نیب نے کہا کہ نالارمضان شوگرملزکے لیے ہی بنا، مرکزی سڑک تک کو کاٹا گیا، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں صرف شہبازشریف ملزم ہے؟۔

نیب وکیل نے کہا کہ اس کیس میں حمزہ شہبازبھی ملزم ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ توکیا ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، وکیل نیب نے جواب دیا کہ کیس میں حمزہ شامل تفتیش ہیں اس لیے وارنٹ جاری نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی یہ کیس زیرتفتیش ہے حمزہ تعاون کررہا ہے، نیب صرف اسی کو گرفتار کرتا ہے جورکاوٹیں پیدا کرتا ہے، حمزہ مکمل تعاون کررہا ہے جودستاویزات مانگتے ہیں مہیا کرتا ہے۔

شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز کے دلائل

نیب وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز دلائل دے رہے ہیں۔

شہباز شریف ضمانت کیس:مقدمہ جسٹس باقر کو منتقل کرنے کی استدعا مسترد

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے گزشتہ روز نیب کی درخواست پر سماعت کی اور فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ہائی کورٹ نے مختصرفیصلہ سناتے ہوئے نیب کی جانب سے شہبازشریف کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ کی تبدیلی کی درخواست مسترد کردی تھی۔

یاد رہے کہ 6 فروری کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کی وساطت سے ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں وفاقی حکومت اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

شہبازشریف نے درخواست میں موقف اختیار تھا کہ نیب نے قانون کے منافی کیس بنا کر انہیں گرفتار کیا اور سیاسی بنیادوں پرکیس بنایا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جو بھی کیا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہے اور سرکار کی ایک انچ کی زمین بھی کسی کو نہیں دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شہبازشریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں ریمانڈ کی وجہ سے نیب کی تحویل میں ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں