لاہور : پنجاب میں ہر طرف دھند کا راج ہے، لاہور ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے سبب رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ کے رن وے پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے متعدد فلائٹس کو معطل کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق شارجہ سے آنے والی پرواز پی اے 413کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی جبکہ ابوظہبی سے آنے والی پرواز پی اے 431 کو بھی لینڈنگ سے منع کردیا گیا۔
رن وے پر اترنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث دونوں طیارے لینڈنگ کے انتظار میں فضا میں چکر لگانے لگے، مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور آنے والی پروازوں کو کراچی ایئرپورٹ ہی پر روک لیا گیا ہے، ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ موسم ٹھیک ہوتے ہی فلائٹ آپریشن بحال کردیا جائے گا۔