لاہور : سزائے موت کے دو قیدیوں کو نئی زندگی مل گئی، لاہور ہائی کورٹ نے بری کردیا، ملزمان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ سابقہ عدالت نے میرٹ سے ہٹ کر مقدمہ کا فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پھانسی کے دو سزا یافتہ مجرموں کی سزائے موت کو ختم کرکے انہیں بری کردیا، سزائے موت کیخلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے عدالت عالیہ کے جج جسٹس سردار نعیم اور جسٹس شہرام سرور چوہدری نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سزائے موت کے قیدی مطلوب احمد اور محمد رشید کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت مدعیان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ قصور نے میرٹ سے ہٹ کر موت کی سزا سنائی، وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو گواہ پیش کیے ان کی موقع پر موجودگی ثابت نہیں ہوئی۔ گواہوں کی موقع پر موجودگی ثابت نہ ہونے پر لاہور ہائی کورٹ نے سزائے موت کے 2 قیدیوں کو بری کر دیا۔
جسٹس سردار نعیم اور جسٹس شہرام سرور چوہدری نے فیصلہ سناتے ہوئے موت کے قیدیوں مطلوب احمد اور محمد رشید کو بری کرنے کا حکم دیا۔