لاہور : ہائی کورٹ میں پی ایس ایل میڈیا رائٹس کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت نے جیو کے وکیل کو بار بار غیر متعلقہ دلاٸل دینے سے روک دیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس پر کوٸی سٹے آرڈر جاری نہیں ہوا۔
جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے مزید سماعت 24جنوری تک ملتوی کرتے ہوٸے پی ٹی وی کے وکیل احمد پنسوتہ کو دلائل کے لئے طلب کرلیا ۔
جیو کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کرلئے، عدالت میں اے آر واٸی کے وکیل اعتزاز احسن، پی سی بی کے تفضل رضوی اور پی ٹی وی کی جانب سے احمد پنسوتہ پیش ہوٸے۔
محمد احمد پنسوتہ نے عدالت کو بتایا کہ اس پٹیشن کےمتعلق خبریں چلا کر تاثر دیا جارہے جیسےعدالت نے سٹے دے رکھا ہے۔
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے تو ایسا کوئی سٹے آرڈر جاری نہیں کیا، جو آپ سے پوچھے اسے بتاٸیں کہ عدالت نے کوٸی سٹے نہیں دیا۔
احمد پنسوتہ نے کہا کہ کیس کو عدالتوں میں لڑنا چاہئیے میڈیا پر نہی، جیو ٹی وی کیس کے حوالے سے غلط تاثر دے رہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں بھی مجبوراً وضاحت دینی پڑتی ہے۔
جیو کی منفی مہم سے پی ایس ایل میں ہونے والی سرمایہ کاری اور کرکٹ کے نقصان کا خدشہ ہے، جیو ٹی وی کے وکیل باربار غیر متعلقہ دلائل دے رہے تھے جس پر فاضل جج نے انہیں روک دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو معاملہ عدالت کے سامنے ہے صرف اسی پر دلائل دیے جائیں، قانونی دلائل دیں میڈیا پر چلنے والی باتیں نہ کی جائیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پیپرا رولز کی خلاف ورزی کہاں ہوئی ثابت کریں،عدالت سب کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ دے گی۔