لاہور میں پولیس کی جانب سے ایک گھر پر چھاپے کے دوران خواتین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی شکایت متعلقہ تھانے کو کردی گئی۔
لاہور کے علاقے باغبان پورہ کے ایک گھر میں پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مارا اس دوران خواتین پر تشدد بھی کیا گیا۔
چھاپہ مار ٹیم نے گھر کے دروازے، فرنیچر اور قیمتی سامان توڑ دیا، خواتین پرتشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
سادہ کپڑوں سمیت وردی میں ملبوث پولیس اہلکاروں نے خواتین پر تشدد کیا، پولیس نے فراڈ کے کیس میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا۔
متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار الماری سے4تولہ سونا اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی بھی ساتھ لے گئے، پولیس نے بغیر وارنٹ گھر میں داخل ہوکر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔
مذکورہ خواتین کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں سے گھر میں داخل ہونے کی وجہ پوچھی تو ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کریں گے۔
مزید پڑھیں : لاہور پولیس کے اہلکار غیرقانونی اسلحہ بیچتے پکڑے گئے
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور پولیس کے اہلکار غیرقانونی اسلحہ بیچتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرعام‘ کی ٹیم نے منصوبے کے تحت چھ تھانوں سے اسلحہ خریدنے کی ڈیل کی تھی اور کئی پولیس اہلکاروں سے غیرقانونی اسلحہ خرید کر یہ بات ثابت کی کہ پولیس جرائم کی سرپرستی کررہی ہے۔