جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کا خطاب اچھا اور ہمہ پہلو تھا، لیاقت بلوچ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب اچھا اور ہمہ پہلو تھا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد پاکستان کی ذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں درندگی میں اضافہ کردیا ہے۔

اب ناگزیر ہے کہ قومی اتفاق رائے سے مسئلہ کشمیر کے حل اور نریندر مودی کی درندگی اور سفارتی محاذ پر جدوجہد کے لیے پالیسی اور روڈ میپ بنایا جائے وگرنہ اچھی تقریر بہت جلد ہوا میں تحلیل ہو جائے گی۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ عمران خان عالمی فورم پر اسلام کی ترجمانی اور مغربی دنیا میں اسلام فوبیا کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں ریاست مدینہ کی طرز کا نظام نافذ کر کے دنیا کو مثالی اسلامی ریاست کا ماڈل دکھایا جائے، پاکستان کے آئین اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل کردیا جائے تو پاکستان مثالی اور اسلامی و فلاحی ریاست بن جائے گا۔

علاوہ ازیں لیاقت بلوچ نے چمن بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور بے گناہ افراد کی شہادت پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ہر واقعہ کے پیچھے مودی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں