لاہور : جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مودی اپنے تکبر کی وجہ سےبھارت پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا، پاکستان مظلوم کشمیریوں کیلئےایک امید ہے جبکہ پاکستان کیلئے بھی کشمیر لازم و ملزوم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر لاہور میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ6ستمبر قومی تاریخ کا یاد گار اور قابل فخر دن ہے۔
سال 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان اورپوری قوم نے بے مثال اتحاد کے ساتھ ہندوستانی فوج کو شرمناک شکست سے دوچار کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کیلئے امید کی کرن ہے جبکہ پاکستان کیلئے بھی کشمیر لازم و ملزوم ہے ،کشمیر پر سودے بازی غداری ہوگی ،سودے بازی کرنے والا پاکستان پر حکمرانی کا حق کھودے گا اور عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرفیو کے عقوبت خانہ میں اسی لاکھ انسان موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، اپنی آزادی کیلئے ہر طرح کے وسائل استعمال کرنا کشمیریوں کا حق ہے، کشمیر وقت کے یزید مودی کے نرغے میں ہے۔
بھارتی وزیر اعظم کی اقتدار کی ہوس اور ہندوتوا کے لالچ اور تکبر و غرور میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے، مودی اپنے تکبر کی وجہ سے ہندوستان پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کیلئے سفارتی محاذ پرازسر نو کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کیلئے اہم تر وسائل دستیاب ہوگئے ہیں لیکن سفارتی محاذ روایتی سستی بزدلی اور خدشات کا شکار ہے۔