ملتان : قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اگر عدالتی کمیشن نہ بنا اور ٹی او آر طے نہ ہوئے تو معاملہ سڑکوں پر آجائے گا، سڑکوں پر عوام حکمرانوں کا بے رحم احتساب کریں گے جس سے سب سے زیادہ خطرہ جمہوریت کو ہو گا۔
یہ بات انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ملتان میں افطار پارٹی سے قبل میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کیا، قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے بلاامتیاز تحقیقات اور احتساب ہونا چاہیئے۔
جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان کی تحریک کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 24جولائی کو راولپنڈی میں عوامی پیدل مارچ کریں گے۔
بھارت کی نیو کلئیر سپلائی گروپ میں شمولیت کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چین اور دیگر ممالک کا خیر مقدم کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کا راستہ روکا۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر ہمارے ملک کا معاشی نظام کشکول پر بنا ہوا ہے، بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا۔
بجٹ میں جنوبی پنجاب کو کم بجٹ دینا محرومیوں کو فروع دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاشتکاروں کے مسائل حل کیے بغیر زراعت ترقی نہیں کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب سے اچھے تعلقات ہیں پاکستان اپنے باڈر کے حساب سے چین افغانستان اور ایران جیسے ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات بنانے چاہیئں۔