کراچی : قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے نام سے رجسٹرڈ ان کے گھر پلاٹس اور اسلحہ کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق لیاقت قائم خانی کا گھر، پلاٹس اور اسلحہ ان کے نام پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی کے گھر سے ملنے والی اشیاء سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کا گھر لیاقت قائم خانی کے نام پر ہے۔
اس کے علاوہ پلاٹس کی فائلیں اور اسلحہ بھی لیاقت قائم خانی کے نام پر ہیں، نیب رپورٹ کے مطابق لیاقت قائم خانی کے ساتھ ان کا کوئی اور رشتہ دار رہائش پذیر نہیں تھا اور لاکرز کا کوڈ بھی صرف ان کو معلوم تھا، جو خود انہوں نے ہی کھولا، لاکرز سے برآمد ہونے والے زیورات اور رقم بھی لیاقت قائم خانی اپنی بتاتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرپشن کے بادشاہ سابق ڈی جی پارکس نے سرکاری زمینوں کے جعلی سودے بھی کیے اور پارکوں کی زمین کی الاٹمنٹ سے انہوں نے سیاسی رہنماؤں کے قریبی دوستوں کو نوازا۔ کراچی کے پوش علاقوں میں پارکوں پر چائنا کٹنگ کرائی۔
لیاقت قائم خانی نے باغ ابن قاسم کے ساتھ پولو گراؤنڈ کی بارہ دری کا بھی جعلی سودا کیا، کے ایم سی کے فنڈز سے بنی بارہ دری کے نیچے پارکنگ نجی ہوٹل کو دے دی۔
نیب ذرائع کے مطابق طارق روڈ جھیل پارک کی اراضی سیاسی رہنماؤں کے دوست کو الاٹ کرائی گئی، جھیل پارک کی اراضی پر کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر ہے، جس کا نقشہ منظور قادر کاکا نے پاس کیا، ہل پارک اراضی پر بھی اربوں کے42 بنگلوں کی زمین الاٹمنٹ میں قائم خانی ملوث ہے۔
واضح رہے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو نیب راولپنڈی نے کراچی سے گرفتار کیا تھا، ملزم کے گھر اورتجوریوں سےزیورات،زمینوں کےکاغذات اور قیمتی سامان برآمدہوا جبکہ نیب ملزم کی پُرتعیش گاڑیاں اور قیمتی اسلحہ بھی تحویل میں لے چکا ہے جبکہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ دس ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔