لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حالیہ کشمکش میں نواز شریف اور افغانستان کی خاموشی معمہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور ایران بااعتماد دوست بن رہے ہیں لہٰذا افغانستان کو بھی اس میں حصہ بننا ہوگا، سیاسی بحران پھر ہرا بھرا ہو رہا ہے اس کا سیاسی حل تلاش کر لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل نہ ہونے تک خطرات منڈلاتے رہیں گے، کسان کو تباہی سے نکالنے کیلیے نمائشی نہیں مستقل اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے خلاف تمام آپریشن نواز شریف کی زیر نگرانی ڈیزائن ہوا
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران مکمل خاموشی اختیار کر رکھی اور جنگ بندی پر پہلا بیان جاری کیا تھا۔
نواز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے، اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سربلند کیا، وزیر اعطم، آرمی چیف اور ایئر چیف مارشل کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔
بعدازاں وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کا کریڈٹ نواز شریف کو دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف تمام آپریشن ان کی زیر نگرانی ڈیزائن ہوا، وہ تمام وقت وزیر اعظم کے ساتھ مشاورت میں موجود تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ نواز شریف کے کام بولتے ہیں انہوں نے ہی ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، بھارت نے ابھی ہمارا ٹریلر دیکھا ہے فلم باقی ہے۔