ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

سکھر پولیس نے تھانہ حوالات میں ملزمان کے لیے لائبریری قائم کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں تھانوں میں ملزمان کے لیے لائبریریاں قائم کی جائیں گی، اس سلسلے میں سکھر پولیس نے ایک تھانے کے لاک اپ میں لائبریری قائم کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر پولیس نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، شہر کے مختلف تھانوں کے لاک اپس میں ملزمان کے لیے لائبریریاں قائم کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سکھر کے ایس ایس پی عرفان سموں کی ہدایت پر لائبریری قائم کی گئی۔ ایس ایس پی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ تھانے میں لائبریری کا قیام گرفتار ملزمان کی اصلاح کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس کا ملازمین کے لیے رعایتی فیسوں پر تعلیم کے لیے معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدہ

آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ڈسٹرکٹ سکھر تھانہ آباد کی حوالات میں لائبریری کے قیام پر ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ تھانہ حوالات میں لائبریری کے قیام کے دائرے کو دیگر تمام تھانہ حوالات تک وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

انھوں نے ہدایت کی کہ مطالعے کے لیے بالخصوص اسلامی معلومات پر مبنی کتب اور احادیث مبارکہ کی کتابوں کو لائبریری کا حصہ بنایا جائے۔ واضح رہے کہ تھانہ آباد کے حوالات میں قائم لائبریری میں قرآن پاک، احادیث مبارکہ اور دیگر اسلامی کتب کو برائے مطالعہ رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مئی 2018 میں جھنگ پولیس کی جانب سے بھی ضلعے کے تھانوں کے حوالات میں لائبریری بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

رواں سال جنوری میں لاڑکانہ میں بھی ایک تھانے دار نے تھانے کے اندر لائبریری قائم کی تھی، یہ لائبریری لاڑکانہ تھانہ مارکیٹ کے ایس ایچ او سرتاج جاگیرانی جو سندھی زبان کے شاعر ہیں نے قائم کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں