فیصل آباد: ایف آئی اے نے 2023 کے لیبیا کشتی کے سانحے میں ملوث دو اشتہاری مجرموں کو گرفتار کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد نے 2023 کے لیبیا کشتی کے سانحے میں ملوث دو اشتہاری مجرموں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان 2023 میں لیبیا کشتی حادثے میں مطلوب تھے، گرفتار ملزمان عطا اللہ اور فیصل شہزاد کا تعلق ڈسکہ، سیالکوٹ سے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے لئے، ملزمان نے ندیم اور اجمل نامی شہری کو غیر قانونی راستے سے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان شہریوں کو لیبیا میں سیف ہاؤسز میں یرغمال بنا کر تشدد کرتے تھے، متاثرہ شہری محمد ندیم کی کشتی حادثے میں موت ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرفراز خان نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔