غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ شدہ عمارت کے ملبے پر فلسطینی بچوں کی سالگرہ منانے کی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو آبدیدہ کردیا۔
مقبوضہ فلسطین پر 10 مئی سے صیہونی فورسز کی بمباری جاری تھی جس نے فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی پر سیکڑوں گھروں میں صف ماتم بچھا دی، حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران فلسطین میں 200 سے زائد افراد شہید ہوئے جن میں درجنوں بچے بھی شامل ہیں۔
صیہونی ظلم و بربریت سے صرف فلسطینیوں کو جانی و مالی نقصان ہی نہیں پہنچا بلکہ مظلوم فلسطینی شدید ذہنی کرب اور غم و اندوہ میں مبتلا ہیں کیوں کہ بہت سے ایسے بچے ہیں جو اس بمباری کے دوران اپنے ماں باپ اور بھائی بہنوں سے محروم ہوگئے جب کہ کئی والدین نے اپنے بچوں کو ہمیشہ کےلیے کھو دیا ہے۔
ان حالات میں عزم و ہمت کی مثال فلسطینیوں نے جینا نہیں چھوڑا، دنیا کی سب سے بڑی جیل کہلانے والے غزہ کی ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بمباری سے تباہ شدہ عمارت کے ملبے پر بیٹھ کر فلسطینی بچے اپنے ایک دوست کی سالگرہ منارہے ہیں۔
سالگرہ کی تصویر محمد ذانون نامی شہری نے عکس بند کی، جسے خالد بیدون نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا، خالد نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ "غزہ میں سالگرہ کی تقریب، اب بھی زندگی اور محبت جاری ہے”۔
A birthday party in Gaza. Life & love goes on. 📷: Mohammed Zaanoun pic.twitter.com/SjfiweGOJi
— Khaled Beydoun (@KhaledBeydoun) May 25, 2021
عمارت کے ملبے پر بیٹھ کر جنم دن منانے کی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو آبدیدہ کردیا، اس تصویر پر اب تک 55 ہزار 800 سے زائد صارفین پسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں اور 14 ہزار تین سو افراد نے اسے ری ٹوئٹ کیا ہے جبکہ ساڑھے چار سو کے قریب افراد اب تک دل سوز تصویر پر تبصرہ کرچکے ہیں۔