نئی دہلی : بھارت میں مون سون بارشوں کے بعد آسمانی بجلی نے شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، آسمانی بجلی گرنے سے اب تک 68 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسل جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جب کہ آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں سات بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔
سب سے زیادہ اکتالیس ہلاکتیں ریاست اترپردیش میں ہوئی، صرف پریاگ راج میں آسمانی بجلی گرنے سے گیارہ افراد لقمہ اجل بنے جب کہ سیکڑوں مویشی بھی مارے گئے۔
جے پور میں واقع تاریخی قلعے کے واچ ٹاور پر کھڑے ہوکر بارش میں سیلفیاں بنانے والے 11 افراد بھی آسمانی بجلی کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے
واضح رہے کہ شدید بارشوں کے باعث کیرالہ میں سیلابی صورت حال پیدا ہوچکی ہے، مقامی انتظامیہ نے سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر محفوظ علاقوں کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔