کیلی فورنیا: شہزادہ ہیری نے اپنی بیٹی کا نام للی بیٹ رکھ لیا ہے، انھوں نے اس نام کی وجہ بھی بتا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان چھوڑنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اپنے دوسرے بچے کا نام ’للی بیٹ‘ رکھا ہے، ہیری نے کہا کہ انھوں نے یہ نام ملکہ الزبتھ دوم اور آنجہانی والدہ شہزادی ڈیانا سے بے پناہ محبت کی وجہ سے رکھا ہے۔
شاہی جوڑے نے اتوار کو بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا تھا، انھوں نے کہا کہ ان کی بیٹی للی بیٹ (Lilibet) ’للی‘ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈزر 4 جون کو کیلی فورنیا کے سانتا باربرا کاٹیج اسپتال میں پیدا ہوئی۔
انھوں نے اس سلسلے میں کہا کہ ان کی دادی یعنی ملکہ برطانیہ کو شاہی خاندان میں پیار سے للی بیٹ کہہ کر پکارا جاتا تھا، اس لیے انھوں نے اپنی دادی کے نام پر اپنی بیٹی کا نام رکھا ہے، للیبیٹ دراصل ایلزبتھ سے نکلا ہے جو عبرانی الاصل ہے اور اس کے معنی ہیں ’خدا میرا حلف ہے‘۔ ملکہ الزبتھ کے والد کنگ جارج ششم کہا کرتے تھے کہ للی بیٹ میرا فخر، اور مارگریٹ میری مسرت ہے۔
شاہی جوڑے کے مطابق بیٹی کا درمیانی نام ڈیانا بیٹی کی پیاری آنجہانی دادی پرنسز آف ویلز ڈیانا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
خوشی کے اس موقع پر ملکہ برطانیہ نے بھی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو مبارک باد دی ہے۔ واضح رہے کہ Lili کا مطلب للی (کنول، سوسن) کا پھول ہے، جو کہ معصومیت، خالص پن اور خوب صورتی کی علامت ہے۔