گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس میں مفرر ملزم عابد کےحلیہ بدلنے کی اطلاع پر پولیس نے مختلف خاکے تیار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق گجرپورہ زیادتی کیس میں پنجاب پولیس نے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے دائرہ کار دیگرصوبوں تک بڑھاتے ہوئے دوسرے صوبوں سے رابطہ کرلیا ہے اور ملزم کی تفصیلات شیئرکردیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے صوبے کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی کے احکامات کردیے ہیں جبکہ ملزم عابد کی گرفتاری کے لئے ٹیموں کے مختلف شہروں میں بھی رابطے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم عابد کےحلیہ بدلنے کی اطلاع پر پولیس نے 7خاکے تیار کروا لیے ہیں جنہیں تفشیشی ٹیموں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بغیر داڑھی، بغیر مونچھوں، بغیر بالوں اور کلین شیو ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے زیر حراست افراد سے بازپرس کا عمل جاری ہے جبکہ سادہ کپڑوں میں مزارات پر بھی اہلکار تعینات کردیے ہیں۔
اس سے قبل گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی تصویر اور معلومات فرانزک ڈیپارٹمنٹ سے لیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا اور ملزم عابد کی تصویر اورمعلومات لیک ہونےکےمعاملےکی ابتدائی رپورٹ ایوان وزیراعلیٰ کوموصول ہوگئی تھی۔
جس کے مطابق عابد کی تصویر اور معلومات لیک کرنے والے شخص کی نشاندہی کرلی گئی ، حتمی رپورٹ وزیراعلیٰ کو دورہ جنوبی پنجاب سے واپسی پر پیش کی جائے گی۔
پنجاب کابینہ اجلاس میں عابد کی تصویر لیک ہونے پر ارکان نے احتجاج کیاتھا، ذرائع کے مطابق تصویر اور معلومات لیک ہونے سے ملزم عابد کو فرار ہونے کا موقع ملا۔