بارسلونا: دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے فٹبال کلب بارسلونا کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ نامور فٹبالر لیونل میسی نے ہسپانوی کلب بارسلونا کو اپنے فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا۔انہوں نے انتظامیہ کو فیکس بھیجا جس میں اپنے معاہدے میں شامل شق کا حوالہ دیتے ہوئے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیا۔
نامور فٹبالر کی جانب سے کلب چھوڑنے کی خبر کے بعد بارسلونا کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے اسٹیڈیم نو کیمپ کے باہر جمع ہوئی اور انہوں نے انتظامیہ اور بورڈ کے خلاف مظاہرے کیے۔
خیال رہے کہ بارسلونا کے ساتھ لیونل میسی کا اگلے سال تک کا معاہدہ ہے اور اس میں ایک اور شق کے مطابق اگر کوئی اور کلب میسی کو خریدنا چاہتا ہے تو اس کے لیے انہیں 70 کروڑ یوروز ادا کرنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز، بالون ڈی اور 6 بار اپنے نام کرنے والے لیونل میسی نے 2004 میں بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تھی اور یہ ان کے کیرئیر کا واحد کلب ہے جس سے وہ مسلسل 16 سال تک منسلک رہے۔