اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

کس یورپی ملک میں رہنے پر لاکھوں روپے ملیں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ویسے تو کسی یورپی ملک میں بسنا آسان بات نہیں لیکن ایک یورپی ملک ایسا بھی ہے جہاں رہنے پر آپ کو لاکھوں روپے ملیں گے۔

امریکی میگزین فوربز کے مطابق یورپ کا وہ ملک اٹلی ہے جس کو آپ اپنا مسکن بنائیں گے تو حکومت آپ کو لاکھوں روپے دے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے جزیرے تسکانی میں رہائش اختیار کرنے والوں کو فی کس 30 ہزار یورو (پاکستانی تقریباً 90 لاکھ سے زائد) رقم دی جائے گی۔

- Advertisement -

اس پرکشش منصوبے کا مقصد علاقے میں آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا اور دیہی علاقوں کی آبادی کو بڑھانا ہے۔

تسکانی وسطی اٹلی میں واقع خوبصورت خطہ ہے جس میں پہاڑی علاقوں کی تعداد زیادہ ہے اور کئی علاقے پانچ ہزار سے بھی کم آبادی والے ہیں۔

پروگرام کی ویب سائٹ میں بتایا گیا کہ اس اسکیم کا مقصد آبادی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں کو سماجی و معاشی لحاظ سے بہتر بنانا ہے۔ 5 ہزار سے کم آبادی والے 76 قصبوں یا شہروں میں رہائش کے لیے گھر کی تزئین نو کے 50 فیصد اخراجات اس پروگرام کے تحت دیے جائیں گے۔

اس مقصد کے لیے تسکانی کے حکام نے گزشتہ ماہ ایک پروگرام متعارف کرایا تھا جس کے لیے 28 لاکھ یورو مختص کیے گئے تھے اور وہاں منتقل ہونے والوں کو 10 سے 30 ہزار یورو تک دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنے رہنے کی جگہ کو بہتر کر سکیں۔

تاہم یہ پرکشش پیشکش اطالوی شہریوں کے ساتھ یورپی یونین کے رہنے والوں اور یورپی یونین سے باہر کے صرف ایسے شہریوں کے لیے ہے جن کے پاس اٹلی کا 10 سال کا ویزا موجود ہو۔

اس پروگرام سے مستفید ہونے کے خواہشمند اپنی درخواستیں 27 جولائی 2024 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ اہل افراد کو تسکانی میں رہائش اختیار کرنا ہوگی۔

ریئل اسٹیٹ کے مطابق تسکانی کے سب سے مہنگے صوبے پسٹویا میں گھر خریدنے کی اوسط قیمت 1472 یورو فی مربع میٹر ہے جو امریکا سے بھی زیادہ ہے تاہم اٹلی کی حکومت کا مسئلہ وہاں روز بروز کم ہوتی آبادی ہے جس کے لیے اس سے قبل بھی مختلف علاقے سستے گھروں اور دیگر سہولتوں والے پیکیجز کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

اٹلی کی وزارت ماحولیات نے 2016 میں ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ تقریباً 2,500 قصبوں کی آبادی اتنی کم ہے کہ وہ 25 سال سے زیادہ زندہ نہیں رہ پائیں گے اور پچھلے سال، امریکی ٹی وی چینل سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ ملک بھر میں تقریباً 6,000 لاوارث دیہات ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں