اسلام آباد: ایل این جی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا، نیب ایگزیکٹو بورڈ آئندہ ہفتے اس ریفرنس کا جائزہ لے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایل این جی کیس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا، وزارت پیٹرولیم کے دو افسران وعدہ معاف گواہ سابق سیکریٹری عابد سعید اور مبین صولت نے نیب دفتر میں پیش ہو کر تفتیشی ٹیم کے سامنے حتمی بیان قلم بند کرایا۔
نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کے خلاف بھی ریفرنس تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرایع نے مزید بتایا کہ عابد سعید اور مبین صولت نے تمام شواہد نیب کے حوالے کر دیے، نیب ایگزیکٹو بورڈ آئندہ ہفتے ایل این جی ریفرنس کا جائزہ لے گا۔
ذرایع نے کہا ہے کہ نیب راولپنڈی نے قطر معاہدے کی الگ سے انکوائری کھول دی ہے، ادھر جسمانی ریمانڈ کے دوران شاہد خاقان عباسی نے تعاون سے انکار کر دیا ہے، وہ کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
کسی سے متعلق وزارت داخلہ متعدد ملزمان کے نام بھی نیب درخواست پر ای سی ایل میں ڈال چکا ہے۔
رواں ماہ نیب نے چیئرمین اینگرو کمپنی حسین داؤد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے، نوٹس میں کہا گیا کہ حسین داؤد 8 اکتوبر کو نیب راولپنڈی میں پیش ہوں، حسین داؤد کو ایل این جی ٹرمینل دستاویزات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔