کراچی: شہر قائد میں قیامت خیز گرمی مزید دو دن تک جاری رہے گی جبکہ آج شہر تینتالیس ڈگری پر جلتا رہا اور گرم ہواؤں نے شہریوں کا برا حال کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں غضب ڈھاتا سورج اور سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے ساحل پر آباد کراچی تندور بن گیا، گرم ہواؤں کی وجہ سے آج بھی شہر کا درجہ حرارت تینتالیس ڈگری رہا جبکہ شدید گرمی کی لہر جمعرات تک جاری رہنے کا خدشہ ہے۔
شہر میں بدھ تک ہیٹ ویوکا بھی خدشہ ہے، اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں، علاوہ ازیں اندرون سندھ بھی سورج سوانیزے پر رہا، نوابشاہ سکھر اور حیدر آباد سمیت کئی شہروں میں پارہ چالیس سے اوپر چلا گیا جس کے باعث شہری گرمی سے بلبلا اٹھے۔
قیامت خیز گرمی ، کراچی کا درجہ حرارت42 ڈگری تک جا پہنچا
دوسری جانب شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ایک طرف سورج آگ برسا رہے ہے تو دوسری طرف بجلی کی 12، 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے شہروں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔
کراچی میں جھلسا دینے گرمی اور ماہ رمضان میں بجلی کا بحران عذاب بن گیا ہے اور کے الیکٹرک کے ستم بھی جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں نو سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ بجلی کی بندش سے پانی بھی نایاب ہوگیا ہے۔
کراچی میں قیامت خیز گرمی، لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا
کراچی کے علاقے کھارادر کا غذی بازار میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں کی جانب سے مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ اس موقع پر ٹائر جلا کرکے ٹریفک بھی روک دیا گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔